اکثر میں گھومتا رہتا ہوں بے تاب پرانی گلیوں میں – فراصت رضوی کی غزل

غزل

اکثر میں گھومتا رہتا ہوں بے تاب پرانی گلیوں میں

شاید کہ کہیں مل جائیں مرے احباب پرانی گلیوں میں

بچھڑے ہوئے جُگ بیتا لیکن مرے آنے کی امید میں ہے

اک یاد پرانے رستے پر، اک خواب پرانی گلیوں میں

تاریک دِلانِ شہرِ نو، یہ سوچ کے بڑھ گئی رنج کی لو

میں چھوڑ آیا کتنے مہر و مہتاب پرانی گلیوں میں

سب گردشِ وقت کی باتیں ہیں وہ میں نہ سہی وہ تو نہ سہی

کوئی اور نئے چہرے ہوں گے شاداب پرانی گلیوں میں

نئے شہر کے لوگوں میں اتنی نفرت تھی کہ آخر بھول گیا

سیکھے تھے جو میں نے محبت کے آداب پرانی گلیوں میں

جاڑے کی ویراں راتوں میں کرتا تھا نگہبانی آکر

مسجد کے سرخ منارے پر مہتاب پرانی گلیوں میں

صد چاکِ دل سینا سیکھا، جن سے میں نے جینا سیکھا

کچھ ایسے لوگ ملے مجھ کو نایاب پرانی گلیوں میں

اب عمر کے ساتھ خزاں کی رُت مرے دل پر دستک دیتی ہے

تھے آرزوؤں کے سارے شجر شاداب پرانی گلیوں میں

اُس بستی تک ہو آنے دے، اے شہرِ زر مجھے جانے دے

میں بھول آیا ہوں بچپن کا اک خواب پرانی گلیوں میں

اس ذکر بغیر ادھورا ہے افسانۂ عمرِ رواں اپنا

ہے میری کتابِ رفتہ کا اک باب پرانی گلیوں میں

یہ بھی دیکھیں

شک محبت کا پہلا دشمن ہے – لبنیٰ صفدر کی غزل

غزل

بے کراں شب میں کہیں ایک ستارا ہی سہی – امجد اسلام امجد کی غزل / Urdu Poetry By Amjad Islam Amjad

غزل   بے کراں شب میں کہیں ایک ستارا ہی سہی ڈوبنے والے کو تنکے …

دیپک راگ ہے چاہت اپنی کا ہے سنائیں تمہیں – ظہورنظر کی غزل / Urdu Ghazal By Zahoor Nazar

غزل   دیپک راگ ہے چاہت اپنی کا ہے سنائیں تمہیں ہم تو سلگتے ہی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

برائے مہربانی شئیر کا آپشن استعمال کیجیے