ویران ایئر پورٹ – ریاض مجید نظم / Sad Urdu Poem By Riaz Majeed

 نظم

ایک اک کر کے سب جاچکے ہیں
جانے والے بھی اور وہ بھی جوان کو جاتے ہوئے دیکھنے آئے تھے
میں رن وے سے کچھ دور ریلنگ کو پکڑے اکیلا کھڑا رہ گیا ہوں
فضاؤں میں یوں گھورتا ہوں
کہ جس طرح پھیلے افق نے مری زیست بھر کی کمائی ہوئی شے نگل لی ہو
جی چاہتا ہے
ہوا میں نم آلودہ رومال ایسے ہلاؤں
فضا کانپ اُٹھے
افق میرے نگلے خزانے اُگل دے
نگاہوں میں کچھ دیر پہلے کے کھوئے ہوئے رنگ اُبھریں
گیا وقت پھر لوٹ آئے
(مگر یہ بھی اک سوچ ، اک آرزو ہی تو ہے )
لرز تے لبوں پر دعا سرسراتی ہے
”اے ہوا کے مسافر ۔۔۔۔۔
خدا تیرے سینے کو خواہش بھرے روز وشب کی مسرت سے آبادرکھے،
اے مرے،
تری نیک نامی ہواؤں کے ہمراہ جائے،
جہاں تک ہوا کا گزر ہو وہاں تک تری شہرتوں کا سفر ہو!“

یہ بھی دیکھیں

ایک گاؤں کی یاد میں – شناور اسحاق کی نظم

آؤ یاد کریں ان پگڈنڈیوں کو جنہیں کھیتوں میں شامل کر لیا گیا! ان لڑکیوں …

مائیں بھولی ہوتی ہیں – قاسم رحمان کی نظم

ایک عورت اور ایک دل – سید کاشف رضا کی نظم

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

برائے مہربانی شئیر کا آپشن استعمال کیجیے