غزل
رات آنکھوں میں گزری سپنے بھیگ گئے
بارش سے کھڑکی کے شیشے بھیگ گئے
بارش کی بوچھاڑ تو اندر تک آئی
خشک تنوں کے سب اندازے بھیگ گئے
بھیگ گئے سب اپنی اپنی یادوں میں
کچھ روتے کچھ ہنستے ہنستے بھیگ گئے
بھیگ گئے سب خط رکھے الماری میں
اور ان میں سب لکھے وعدے بھیگ گئے
دیکھ دیے کی لو تو نے تو دیکھے ہیں
کتنی آنکھیں کتنے تکیے بھیگ گئے
بادل کے ہمراہ سکول سے نکلے تھے
گھر تک آتے آتے بستے بھیگ گئے
اُڑتے پنچھی تیری منزل دور ہے کیا
دیکھ مسافر! تیرے کپڑے بھیگ گئے
رات ستارے آنگن اور اُداس آنکھیں
تیری باتیں کرتے کرتے بھیگ گئے
باہر آ کر دیکھ یہ منظر شہزادی
ہم تیری دہلیز پہ بیٹھے بھیگ گئے
جانے کیسے موسم کی یہ بارش تھی
میری آنکھیں تیرے سپنے بھیگ گئے
جس بستی میں دھوپ سا روپ چمکتا تھا
اس بستی کے سارے رستے بھیگ گئے
Best Urdu Poetry | Romantic, Sad & 2 Line Urdu Shayari Find the best romantic, love, and sad two-line Urdu poetry. Explore classic and latest Urdu shayari collections optimized for poetry lovers searching for emotional and meaningful verses.